نئی دہلی،24؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مہندر سنگھ دھونی کا فی الحال ریٹائرمنٹ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ مانا جا رہا تھا کہ اس سال جون میں چمپئنز ٹرافی کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیں گے لیکن وہ تو اگلا ورلڈ کپ کھیلنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ وجے ہزارے ٹرافی میں جھارکھنڈ کی کپتانی کے بعد تازہ محسوس کرکے دھونی کو لگتا ہے کہ ان میں 2019 ورلڈ کپ سے آگے بھی کھیلنے کی صلاحیت ہے۔دہلی میں ایک تشہیری تقریب کے دوران دھونی نے اپنی فٹنس پر کہا کہ ان میں 2019 ورلڈ کپ سے آگے بھی کھیلنے کی صلاحیت ہے، بشرطیکہ فٹنس ان کا ساتھ دے اور کسی بڑی چوٹ سے بچے رہیں، اگلے ورلڈ کپ میں کھیلنے کی بات پر انہوں نے کہا کہ ابھی 2017 ہے۔ ورلڈ کپ میں دو سال باقی ہیں، ایسے میں ابھی کچھ بھی کہنا ٹھیک نہیں۔
دھونی نے کہا کہ ٹیم انڈیا کا جس طرح شیڈول ہے، اس میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سو فیصد کچھ نہیں ہوتا ہے، کیونکہ دو سال بہت طویل وقت ہے، ٹیم انڈیا کا جیسا شیڈول ہے، اتنا کھیلنے کے بعد آپ تھوڑے و نٹیج کار جیسا بن جاتے ہیں، خود کا بہت احتیاط رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے، ہاں میں آسانی سے (2019 ورلڈ کپ) اس سے آگے جا سکتا ہوں۔